کابل میں خود کش دھماکے، خواتین سمیت 22افراد ہلاک

181

کابل (صباح نیوز) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک تعلیمی مرکز پر ہونے والے خودکش حملے اور سڑک کنارے بم دھماکے میں 27 افراد جاںبحق اور60 سے زاید زخمی ہوگئے ۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق خودکش حملہ کابل کے جنوب میں ایک تعلیمی مرکز میں ہوا ہے۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آرائیں نے بیان میں کہا کہ خودکش بمبار تعلیمی سینٹر میں داخل ہونا چاہتا تھا‘ گارڈز کی جانب سے شناخت کیے جانے کے بعد خودکش بمبار نے باہر ہی خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ خود کش حملہ تھا اور اور اس کا ٹارگٹ کوثر دانش تعلیمی ادارہ تھا۔افغان طالبان نے خودکش حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب افغان دارالحکومت کابل ہی میں سڑک کنارے ہونے والے بم دھماکے میں3 خواتین سمیت 9افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ غزنی کے پولیس ترجمان نے حملے کا ذمے دار طالبان کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ بم دھماکے میں 4 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ علاوہ ازیں پاکستان نے کابل میں تعلیمی مرکز کے باہر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان پر امن اور مستحکم افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا ۔ہفتے کو ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ متاثرین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔