فواد چوہدری کی نااہلی کا کیس سماعت کے لیے مقرر

506

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی نااہلی کے لیے دائر درخواست مساعت کے لیے مقرر کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے کاز لسٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ درخواست پر سماعت 16 نومبر کو کریں گے۔

عدالت میں فواد چوہدری کے خلاف درخواست سینئر اینکر پرسن سمیع ابرائیم نے جمع کرائی ہے۔

سمیع ابرائیم نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ فواد چوہدری نے جہلم کی زمین کو گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا۔ وفاقی وزیر نے اثاثے چھپائے۔

درخواست گزار نے کہا کہ فواد چوہدری صادق اور امین نہیں رہے لہٰذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔

سمیع ابرائیم کو فواد چوہدری کا ‘تھپڑ’

پچھلے سال جون میں فواد چوہدری نے ایک شادی کی تقریب کے دوران سینئر صحافی سمیع ابراہیم کو تھپڑ مار دیا تھا۔

فواد چوہدری اور سینئر صحافی سمیع ابراہیم سمیت ملک کی اہم شخصیات فیصل آباد میں ایک شادی کی تقریب میں شریک تھے جہاں دونوں میں تلخ کلامی ہوئی اور بات اس حد تک بڑھ گئی کہ وفاقی وزیر نے سینئر صحافی کو تھپڑ مار دیا۔

واقعہ پیش آنے پر شادی کی تقریب میں موجود لوگ اکٹھے ہوگئے۔ اس موقع پر وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سینئر صحافی سے معذرت بھی کی تھی۔

سینئر صحافی اور لاہور پریس کلب کے سابق سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے فواد چوہدری اور شادی کی تقریب میں موجود ان صحافی قائدین کے رویے کی مذمت کی جنہوں نے وفاقی وزیر کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا۔