حیدر آباد: گیس لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ، شہری پریشان

186

 

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر نے شہریوں کی زندگی مشکل کردی۔ سٹی، لطیف آباد اور قاسم آباد میں گیس کی لوڈشیڈنگ کے علاوہ کم پریشر نے مشکلات پیدا کی ہوئی ہے، جس کے باعث اسکول وکالج جانے والے طلبہ وطالبات کے علاوہ صبح سویرے جانے والے افراد سخت پریشانی کا شکار ہیں، رات نو بجے کے بعد لطیف آباد کے مختلف علاقوں میں گیس کا پریشر انتہائی کم ہوجاتا ہے جبکہ تعلقہ سٹی کے مختلف بالخصوص لیاقت کالونی کے مکین شدید اذیت کا شکار ہیں، لیاقت کالونی، فردوس کالونی، قائد آباد میں گیس پریشر نہ ہونے کے سبب چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دو تین سال سے گیس پریشر نہ ہونے کے برابر ہے۔ کئی بار گیس کمپنی میں شکایت کے باوجود کوئی حل نہیں نکل رہا، صبح اسکول بھی بچوں کو بغیر ناشتے کے بھیجا جارہا ہے جبکہ دن بھر ہوٹلوں سے کھانا منگوانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ علاقے کے ایم این اے، ایم پی اے اس بنیادی مسئلے کو حل کرنے میں ہماری مدد کرے تاکہ ہم سکون کا سانس لے سکے۔ قاسم آباد، حسین آباد کے علاقوں میں بھی گیس پریشر کم ہونے کی شکایات ہیں۔