حیدر آباد، احساس ایمرجنسی کیش پروگرام اینڈ ہیلتھ کارڈ کا اجراء

142

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف ضلع حیدر آباد کے صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے غریب و نادار خواتین کے لیے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام اینڈ ہیلتھ کارڈ کے اجراء کا سلسلہ جاری ہے، جس میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین اپنی رجسٹریشن کروا رہی ہیں۔ اس کا مقصد وفاقی حکومت کی طرف سے غریب عوام کی مالی مدد کے علاوہ انہیں صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ مہنگائی کے اس دور میں وہ اپنے گھر کا گزر بسر کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات کررہی ہے لیکن وہ سیاسی عناصر جو ماضی میں عوام کو بنیادی سہولیات دینے میں ناکام رہے اور اب منفی پروپیگنڈہ کرکے وفاقی حکومت کی کارکردگی کو منفی انداز میں پیش کررہے ہیں لیکن عوام جانتے ہیں کہ پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد سب سے پہلے بدعنوان اور لوٹ مار میں ملوث سیاستدانوں، بیورو کریٹس کے گرد شکنجہ سخت کیا ہے، ان کی چیخیں نکل رہی ہیں اور اب یہ سارے جمع ہوکر حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان احتساب کے نام پر ووٹ لے کر آئے ہیں اور احتساب سے کوئی نہیں بچ سکے گا۔ عوام نہ تو ان کے بہکاوے میں آئیں گے اور نہ ہی یہ اپنے منفی پروپیگنڈے میں کامیاب ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 70 سال کا گند صاف کرنے میں کچھ وقت لگے گا حالت یہ ہے کہ صوبائی حکومت کی نااہلی اور ناکامی بھی وفاقی حکومت کے کھاتے میں ڈال دی جاتی ہے۔