حیدر آباد میں 12ربیع الاول کے حوالے سے پولیس افسران کا اجلاس

203

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی پولیس حیدرآباد ریجن ڈاکٹر جمیل احمد کی زیر صدارت ایڈیشنل آئی جی آفس میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں حیدرآباد ریجن کے تینوں ڈی آئی جیز اور اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ کرم اللہ سومرو نے شرکت کی۔ اجلاس میں 12 ربیع
الاول کی مناسبت سے فول پروف سیکورٹی انتظامات اور ریجن میں محکمہ کسٹم کے تعاون سے ممنوع اشیاء کی اسمگلنگ کی روک تھام اور کرائم کے خاتمہ کے حوالہ سے لائحہ عمل طے کیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی پولیس حیدرآباد ریجن نے ہدایت کی کہ 12 ربیع الاول کے جلوسوں، ریلیوں اور محافل کے موقع پر تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کی مشاورت سے فول پروف حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دی جائے۔ مذہبی منافرت اور شر انگیزی پھیلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ جلوس کی گزرگاہوں و اطراف میں سادہ لباس اور باوردی پولیس اہلکاروں کی تعیناتی سمیت پولیس گشت اسنیپ چیکنگ پکٹنگ و ناکہ بندی کے مجموعی اقدامات کو مربوط اور مؤثر بنایا جائے۔ مذہبی ہم آہنگی بھائی چارے اور قانون کی بالا دستی کو ہر صورت قائم رکھا جائے۔ اجلاس میں جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر مفرور و اشتہاری ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کی گئی اور محکمہ کسٹم کے تعاون سے ممنوع اشیاء کی اسمگل کی روک تھام کے حوالہ سے بھی سخت ہدایات جاری کی گئیں۔