شہر لاہور مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے،ذکراللہ مجاہد

599

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت شہر لاہور مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے۔حکمرانوں کی دانستہ غفلت کی وجہ سے شہر بھر کی سٹرکیں ٹوٹ پھوٹ اور بدحالی کا شکار ہیں۔ شہر لاہور ٹوٹی سڑکیں، بوسیدہ سیوریج، ناقص صفائی، تجاوزات اور ٹریفک کے بدترین مسائل کا شکار ہے جو حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے۔شرق پورہ روڈ بیگم کوٹ چوک شاہدرہ سے شرق پور جانے والی سٹرک بدترین گڑھوں اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جبکہ سٹرک کی بدترین حالت نے ہزاروں علاقہ مکینوں اور مسافروں کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی شاہدرہ کے زیر اہتمام بیگم کوٹ چوک پر علاقہ کی ٹوٹی سٹرکیں اور علاقہ کی بدترین حالت کے خلاف عوامی احتجاجی مظاہرہ میں میڈیا اور شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احتجاجی مظاہرے میں امیر زون شاہدرہ جہانگیر احمد خان، جماعت اسلامی فیروز والا کے قائدین،صدر جے آئی یوتھ شاہدرہ زون ملک مظہر، ینگ میرٹ سوسائٹی کے عہدیداران،علاقہ کی تاجر برادری، جماعت اسلامی کے کارکنان اور علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔ امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد مزید کہا کہ شہر کی اہم شاہراہ گھنڈارت کا منظرہ پیش کررہی ہے۔ شاہدرہ کی بڑی مارکیٹ کے تاجر ٹوٹی سڑک کی وجہ سے بدترین مسائل کا شکار اور ان کا کاروبار برطرح سے متاثرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی لاہور نے شہری مسائل کے حل کیلیے مہم کا آغاز کردیا ہے۔جماعت اسلامی لاہور شہریوں کے مسائل کے حل کیلیے ہر یونین کونسل اور علاقے میں بھر پور انداز میں مہم چلائے گی۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ حکمران صوبائی دارالحکومت کے مسائل کے حل کیلیے زبانی جمع خرچ سے کام لے رہے ہیں جو قابل مذمت اور باعث شرم ہے۔ ٹوٹی سٹرکیں اور سیوریج کے بوسیدہ نظام کی وجہ سے علاقہ مکین آلودہ پینے پر مجبور ہیں۔انہوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شاہدرہ سے شرق پور جانے والی مین سٹرک کی تعمیر کے کام کو جلد ازجلد شروع کرے۔سٹرک کی تعمیر کا کام جلد شروع نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کریں گے۔