طلبہ معاشرے میں علم و فلاح کے چراغ ہیں، ڈی جی نیب بلوچستان

473

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان فرمان اللہ نے کہا ہے کہ طلبہ و طالبات معاشرے میں علم اور بھلائی کے دیپ ہیں، طلبہ کا ساتھ معاشرے سے بدعنوانی کے اندھیرے دُور کرکے ایمانداری کے اجالے کرنے میں معاون ثابت ہوگا، درس گاہیں زیر تعلیم نسل کو نیب کی کرپشن کے خلاف مہم کے ہر اول دستے کا سپاہی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز قومی احتساب بیورو بلوچستان کی جانب سے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کی مناسبت سے شعور و آگاہی مہم کے سلسلے میں طلبہ و طالبات کے مابین تقریری، پوسٹر، خطاطی اور مضمون نویسی مقابلوں کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان فرمان اللہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کا ساتھ معاشرے سے بدعنوانی اور کرپشن کے اندھیرے دُور کرکے ایمانداری کے اُجالے کرنے میں معاون ثابت ہوگا، قومی احتساب بیورو چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کے وژن کی روشنی میں ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے سہہ جہتی حکمت عملی کے تحت تندہی سے کام کر رہا ہے۔ نیب بلوچستان کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق قومی احتساب بیورو بلوچستان نے شعور و آگاہی مہم کے سلسلے میں انسداد بدعنوانی 2020ء کے عالمی دن کی مناسبت سے بدعنوانی کے تدارک کے موضوع پر اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ و طالبات کے مابین تقریر، پوسٹر، خطاطی اور مضمون نویسی کے مقابلوں کا آغاز کردیا ہے ۔بلوچستان کے تمام 7 ڈویژن کے مقابلوں میں ہزاروں طلبہ و طالبات اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے۔