امریکا کو چین کی طاقت کا اندازہ نہیں،شی جن پنگ

475
بیجنگ: پیپلز کانگریس کے ارکان کوریائی جنگ لڑنے والے فوجیوں کو کھڑے ہو کر خراجِ تحسین پیش کررہے ہیں‘ صدر شی تقریب سے مخاطب ہیں

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین نے 1950ء کی دہائی میں لڑی جانے والی کوریائی جنگ میں اپنی فتح کا جشن منایا۔ اس موقع پر صدر شی جن پنگ نے اپنی تقریر میں چین کی دفاعی طاقت کو موضوع بنایا۔ یہ جنگ 1950ء سے 1953ء کے دوران لڑی گئی تھی۔ جمعہ کے روز منعقد کی گئی اس تقریب میں چینی صدر کا کہنا تھا کہ 70 سال قبل کی جنگ اس کا اظہار تھا کہ ہماری قوم سرحدوں کے قریب آنے والی کسی بھی آزمایش کا سامنا کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ چین ایک بڑی قوت کا حامل ملک ہے اور اسے امریکی دھمکیوں سے ڈرایا دھمکایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کوریائی جنگ کے تاریخی نظائر و نتائج کو اپنے عوام اور بین الاقوامی سامعین کے لیے پیش کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آج کے دور میں بھی چین تن تنہا خارجہ تعلقات استوار کرنے، ملکی صنعتی پیداوار کو بیرونی اثرات سے محفوظ رکھنے اور اپنی انتہائی برتری منوانے میں مصروف ہے۔ شی جن پنگ نے کہا کہ چینی عوام مسائل کھڑا کرنا پسند نہیں کرتے اور نہ ہی کسی مشکل وقت کا سامنا کرنے سے گھبراتے ہیں۔ یہ تقریب ایک ایسے موقع پر منعقد کی گئی جب شی حکومت کے ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ کئی معاملات پر تنازعات عروج پر ہیں۔ ان متنازع معاملات میں تجارت، ٹیکنالوجی، انسانی حقوق اور تائیوان کی خودمختار حیثیت نمایاں ہیں، جنپر فریقین میں سخت لفظی جنگ بھی ہوتی رہتی ہے۔ حالیہ دنوں میں امریکا کی جانب سے تائیوان کے ساتھ پینگیں بڑھانے سے دونوں ممالک میں کشیدگی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔