سوڈان اسرائیل تعلقات کا فیصلہ آیندہ پارلیمان کے سپرد

341

خرطوم (انٹرنیشنل ڈیسک) سوڈانی وزیر اعظم عبداللہ حمدوک صہیونی ریاست کے ساتھ معمول کے تعلقات مجوزہ پارلیمان کی منظوری کے بعد بحال کرنے پر تیار ہیں۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق حکومتی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ حمدوک دونوںممالک کے روابط قائم کرنے کے لیے سوچنے پر تیار ہیں، تاہم یہ پیش رفت فوری طور پر ممکن نہیں ہو سکتی، کیوں کہ ابھی تک سوڈانی فوج اور شہریوں کے درمیان اقتدار کی تقسیم کے معاہدے کی بنیاد پر پارلیمان کی تشکیل عمل میں نہیں آئی ہے۔ واضح رہے کہ وڈان میں معزول صدر عمر البشیر کی حکومت ختم ہونے کے بعد سے فوج اور شہری نمائندے مشترکہ طور پر حکومتی معاملات چلا رہے ہیں جب کہ فوج کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے راستہ کھلا ہے، تاہم سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس معاملے میں واضح موقف سامنے آ رہا ہے۔ اس سلسلے میں عوامی سطح پر ملک بھر میں بڑے احتجاجی مظاہرے بھی کیے جا رہے ہیں۔