میہڑ،یونین کونسل کے سیکرٹری پر ایک سے زائد چارج رکھنے کا انکشاف

634

میہڑ (نمائندہ جسارت) یونین کونسل کا سیکرٹری ایک سے زائد یونین کونسل کا چارج رکھنے لگا، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی جانب سے آرڈر جاری کرنے کے باوجود میہڑ میں مختلف سیکرٹریز کے پاس دو، تین، چار، پانچ یونین کونسل کا چارج ہونے کا انکشاف۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ ضمیر احمد عباسی کی جانب سے 20 اکتوبر کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ یونین کونسل کے سیکرٹری کے پاس صرف ایک یونین کونسل کا چارج ہونا چاہیے، ایک سے زائد چارج نہیں رکھ سکتا جبکہ میہڑ تحصیل کی 20 یونین کونسلوں میں متعدد یونین کونسل کے سیکرٹریز کو دو، تین، چار، پانچ یونین کونسل کا چارج دیا گیا ہے جبکہ ایک سیکرٹری کے پاس پانچ پانچ چارج ہونے کے باوجود یونین کونسل کے عوام کو ریلیف نہیں مل سکا۔ دوسری جانب سماجی تنظیموں کے رہنماؤں ایڈووکیٹ سعید پنہور، سارنگ جہتیال، طفر علی، یاسر طارق اور دیگر نے نیشنل پریس کلب میہڑ کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین کے دور سے لے کر یونین کونسل کو پانچ لاکھ روپے بجٹ ملتا تھا جس دوران یوسی کے کچھ لوگوں میں ہیڈ پائپ اور مشین دے کر بجٹ پورا کیا جارہا تھا۔ چیئرمین کے جانے کے بعد ایڈمنسٹریٹر مقرر کیے گئے جس کے باوجود وہی بجٹ دیا گیا، ایک سے زائد چارج رکھنے والے یونین کونسل کے سیکرٹری کسی بھی دفتر کا کام مکمل نہیں کرسکتے اکثر لوگ چکر کاٹنے پر مجبور ہیں، ہر ماہ ایک ایک یونین کونسل کا پانچ لاکھ روپے بجٹ مقررہ ہے، اس باوجود یونین کونسل کو وہی بجٹ دیا گیا، یونین کونسل پر مقررہ پانچ پانچ سیکرٹری ایڈمنسٹریٹر مختارکار اور سیاسی وڈیروں کو حصہ دے کر پورا بجٹ ہڑپ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کی حد ہوتی ہے، میہڑ تحصیل میں متعدد یونین کونسل پر شکارپور، قنبر ضلع سمیت سندھ کے دوسرے اضلاع سے تعلق رکھنے والے سیکرٹریز کو مقرر کیا گیا ہے جو اپنی یونین کونسل تک نہیں دیکھ سکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دوسرے اضلاع کے سیکرٹریز کو تحصیل سے نکال کر لوکل سیکرٹری مقرر کرکے یونین کونسل کی بنیادی مسائل حل کیے جائیں۔