نیوزی لینڈ، انگلینڈ، آسٹریلیا کی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی

297

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ 2023 تک ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کو مکمل طور پربحال کردیا جائے گا،جبکہ میچ فسکنگ اور جوئے کے سدد باب کیلئے قانونی ماہرین کی معاونت سے مسودہ تیار کرکے وزارت اطلاعات بین الصوبائی رابطہ کو ارسال کردیا ہے، انگلینڈ اور سری لنکا کے بعد پاکستان میچ فکسنگ اور جوئے کے حوالے قانون سازی کرنے والا تیسرا ملک بن جائے گا،پاکستان کرکٹ بورڈ کی کاوشوں سے نیوزی لینڈ، انگلینڈ، آسٹریلیا کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کرکٹ بورڈ کے سابق عہدے دار دعوے کرتے تھے لیکن ہم نے پاکستان سپر لیگ کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کو ملک میں بحال کیا، براڈ کاسٹنگ رائٹس سے لے کر ملازمین کی تنخواہوں کے معاملات کو شفاف انداز میں عوام کے سامنے پیش کیا، قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹوں کو ہم نے مطمن کیا اور میری تمام تر مراعات بورڈ کی ویب پر موجود ہیں۔احسان مانی کا کہنا تھا کہ حالات جیسے بھی ہوں ہمارا کام کرکٹ کی بحالی ہے، بھارت نے ہمیشہ منفی کردار ادا کیا، اس بارے میں ہم نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سامنے اپنا موقف مضبوط انداز میں پیش کیا اور ہمیں ہر پلیٹ فارم پر کامیابی ہوئی ، جو ریجنز بورڈ کے خلاف عدالت میں گئے یا جن کے بارے میں بورڈ کو خدشات ہیں ان ریجنز کے بارے میں انکوائری کی جارہی ہے۔