بلوچستان میں زرعی ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، صدر مملکت

115

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں زرعی ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جسے بہتر حکمت عملی سے بروئے کار لانے کی ضرورت ہے،صوبے میں پیدا ہونے والی مختلف فصلوں سے متعلق بروقت معلومات کے حصول کیلیے سپارکو سے جدید تیکنیکی معاونت حاصل کی جائے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے زرعی معلومات کیلیے بنائی گئی آئی ٹی ایپلی کیشن معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں زرعی ترقی و توسیع سے متعلق منعقدہ اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان کے زرعی مستقبل کو بہتر سے بہتر بنانے کیلیے اقدامات کی ضرورت ہے، ان مقاصد کے حصول کیلیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی حوصلہ افزائی کی جائے جبکہ وفاقی حکومت کے بلین ٹریز پروجیکٹ کو ایگریکلچر اسٹریٹجی سے لنک کرکے زرعی ترقی کی بہتری کیلیے استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان میں زراعت، مالداری اور فشریز میں ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ان شعبوں کی ترقی کیلیے درست سمت میں اقدامات کی ضرورت ہے، دستیاب آبی وسائل کا درست اور محتاط استعمال پائیدار زرعی ترقی میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت چین سمیت پوری دنیا میں حلال گوشت کی مانگ ہے، بلوچستان کی بھیڑ بکریوں میں منہ اور کھر کی بیماریوں پر قابو پاکر ایک بہت بڑا زر مبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں گورنر ہاؤس کوئٹہ میں گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی سے بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ کی صورتحال تشویش ناک نہیں تاہم حد درجہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، صدر مملکت نے کوروناکی روک تھام کیلیے حکومت بلوچستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔