مردم شماری کےاعدادوشمار درست نہ کی تو احتجاج کریں گے، حافظ نعیم

492

کراچی :امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ جعلی مردم شماری کرکے مخصوص طبقوں کو مسلط کیا جاتا ہے، مردم شماری کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔

ادارہ نور حق میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہاکہ 10 نومبر کے اجلاس میں مردم شماری کے درست اعداد وشمار حوالے سے بات نہ کی گئی تو جماعت اسلامی زبردست احتجاج کرے گی، CCIاگر اس جعلی مردم شماری کو درست قرار دیتی ہے تو ہم سمجھیں گے کہ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کا گٹھ جوڑ ہے۔

امیر کراچی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی سندھ نے سندھ کے عوام کا سودا کیا تو ہم وزیر اعلی ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے، کراچی ریفرنڈم میں لاکھوں شہریوں نے جماعت اسلامی کے مطالبات کی بھرپور حمایت کی،جماعت اسلامی مشاورت کے بعد 27 اکتوبر کو اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ اگر مردم شماری ٹھیک ہوجائے تو سندھ اسمبلی کی نشستوں میں کراچی کی آدھی نشستیں ہوجائیں گی، وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ مردم شماری کو ٹھیک کرے۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ جعلی مردم شماری کو نوٹیفائی کرنے کے لیے سازش ہورہی ہے،اس مردم شماری کو درست کیا جائے،جس نے بھی اس پر سمجھوتہ کیا تو ہم اس پر سخت ردعمل دیں گے۔