جرمن پولیس اہلکاروں کا مسجد پر چھاپہ، مسجد کے تقدس کی دھجیاں اڑادیں

905

برلن: جرمنی میں 150 سے زائد نقاب پوش پولیس اہلکاروں کا مسجد پر چھاپہ، اہلکار مسجد کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے جوتے سمیت مسجد میں گھومتے رہے اور تلاشی لی۔

ترک سرکاری خبر رساں ادارے ٹی آر ٹی ورلڈ نے اپنے فیس بک پیج پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس مین دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈیڑھ سو سے زائد نقاب پوش پولیس اہلکاروں نے ایک مسجدمیں عین اس وقت چھاپا مارا جب وہاں باجماعت نماز ادا کی جارہی تھی۔

ویڈیو میں دیکھا گیا کہ پولیس اہلکار مسجد کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے جوتے سمیت مسجد میں گھومتے رہے اور تلاشی لی۔

جرمن پولیس نے دعویٰ کیا کہ کورونا وبا کے دوران دھوکا دہی کے ذریعے سبسڈی حاصل کرنے کی تفتیش کے سلسلے میں مسجد پر چھاپہ مار کارروائی کی گئی تھی اور چند دستاویزات تحویل میں لی گئی ہیں۔

ادھر مسجد کمیٹی نےکورونا سبسڈی میں فراڈ کے الزام کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ جوتے پہنے اہلکاروں نے مسجد کی بےحرمتی کی اور مسجد سے 7 ہزار یورو، کمپیوٹرز، دستاویزات اور موبائل اپنے ہمراہ لے گئے۔

دوسری جانب ترکی نے جرمنی کی میولانا مسجد میں پولیس چھاپے کی سخت مذمت کی ہے اور کہا کہ یہ حملہ ایک مسجد پر نہیں بلکہ جرمنی میں مقیم 50 لاکھ مسلمانوں پر ہے۔