میڈیا بیوروز کی بندش باعث افسوس ہے، فیڈرل یونین آف جرنلسٹ

224

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے میڈیا کی آزادی پر قدغن، صحافیوں کی جبری برطرفی، تنخواہوں کی عدم ادائیگی و دیگر کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرہ کی قیادت پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر شہزادہ ذوالفقار، مرکزی سینئر نائب صدر سلیم شاہد، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر ایوب ترین، کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضا الرحمن نے کی۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے بھی مظاہرے میں شرکت کرکے صحافیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر شہزادہ ذوالفقار نے کہا کہ یہ وقت ایکشن کا ہے، ملک بھر میں 13 سے زائد علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، ویج بورڈ کے حوالے سے مالکان نے وعدہ کیا تھا کہ مکمل ادائیگی ہوگی، مہلت کی استدعا کی جارہی ہے لیکن ہمارا مطالبہ ہے کہ تحریری معاہدہ ہو، میڈیا کارکن مشکل دور سے گزر رہے ہیں، میڈیا بیوروز کی بندش باعث افسوس ہے، مہنگائی اتنی بڑھ گئی ہے کہ لوگوں کا گزارہ مشکل ہورہا ہے، تنخواہ سے ہی ایک صحافی اپنے گھر کا چولہا جلا رہا ہو تا ہے، جب تنخواہ میں کٹوتی ہوگی تو وہ اپنے گھر کا چولہا کیسے جلائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھائیں اور احتجاجی تحریک شروع کریں گے، جب تک مسائل حل نہیں ہوں گے احتجاج جاری رہے گا۔