عمرکوٹ، پولیس کا منشیات فروشوں کیخلاف آپریشن ، نشہ آور اشیا بر آمد

287

 

عمرکوٹ (نمائندہ جسارت) عمرکوٹ پولیس کا بڑھتی ہوئی منشیات فروشی، گٹکا، مین پوری، ٹھرہ وغیرہ کیخلاف بھرپور آپریشن شروع، ایس ایچ او سٹی عمرکوٹ نے کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں نشہ آور گٹکا، سفینہ پڑیاں سیکڑوں کی تعداد میں برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ برآمد کی گئی گٹکا سفینہ کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے۔ عمرکوٹ سٹی میں بڑھتی ہوئی منشیات فروشی، گٹکا، سفینہ، ٹھرہ وغیرہ کے استعمال میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد عمرکوٹ پولیس حرکت میں آگئی، شہر میں منشیات فروشوں کیخلاف آپریشن، عمرکوٹ سٹی پولیس کے ایس ایچ او خلیل کمبھار نے پولیس کی بھاری فورس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ایک گودام سے سیکڑوں کی تعداد میں گٹکا، سفینہ، کی پوریاں اور کٹے برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ایس ایچ او سٹی پولیس خلیل کنبھار نے کہا کہ منشیات فروشوں کیخلاف بھرپور آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا، چاہے کوئی کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، بڑھتی ہوئی منشیات فروشی نوجوان نسل کو تباہ کررہی ہے، یہ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ایس ایچ او خلیل کنبھار نے شہریوں سے اپیل کی کہ شہری معاشرتی، سماجی برائیوں کیخلاف پولیس سے تعاون کریں، پولیس عوام کے تعاون کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتی، شہری اپنے علاقوں، گاؤں گوٹھوں میں منشیات فروشوں کی نشاندہی کریں تاکہ کچی شراب، ٹھرہ، سفینہ، گٹکا، مین پوری، بھنگ سمیت منشیات کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے۔