سجاول ، وارڈ 4میں گرلز پرائمری اسکول سہولیات سے محروم

115

 

سجاول (نمائندہ جسارت) سجاول شہر کے وارڈ نمبر 4 بخاری محلے کے گرلز پرائمری اسکول کی عمارت کی مرمت تاحال نہ ہوسکی، جس کے باعث سیکڑوں طالبات کا مستقبل خطرے میں پڑگیا ہے، اسکول کی عمارت کسی وقت بھی بچیوں کی جان کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔ اس سلسلے میں اسکول اساتذہ اور والدین نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم نے بارہا محکمہ تعلیم کے افسران کو اس کے متعلق رپورٹ بنا کر بھیجی ہے لیکن اس کا ابھی تک مسئلہ حل نہیں ہوسکا ہے۔ والدین نے کہا کہ اسکول کے بیت الخلا اور چار دیواری مکمل تباہ ہوچکی ہے، اسکول میں ٹیبلوں اور کرسیوں کی سہولت موجود نہیں سب ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، نہ پانی کے پینے کی سہولت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں نہ تو کوئی منتخب نمائندہ اسکول کا دورہ کرتا ہے اور نہ ہی ایجوکیشن افسران نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب مجبوراً ہمیں اپنی بچیوں کی تعلیم کے لیے متبادل انتظام کرنا پڑسکتا ہے اور واحد گرلز پرائمری اسکول طالبات کی تعلیم سے خالی ہوسکتا ہے۔ والدین اور اساتذہ نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر تعلیم سندھ اور سیکرٹری تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ بخاری محلہ وارڈ نمبر 4 کے گرلز پرائمری اسکول کی جلد از جلد مرمت کروائی جائے۔