ٹھٹھہ، مختلف حادثات و واقعات میں 4 افراد جاں بحق، 3 زخمی

128

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) مختلف حادثات و واقعات میں 4 افراد جاںبحق 3 زخمی۔ ٹھٹھہ کے علا۴قے چلیا کے نزدیک رات دیر گئے ٹرک اور موٹرسائیکل میں تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں اعجاز جاکھرو موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ دو افراد پپو جاکھرو اور پرویز شدید زخمی ہوگئے تھے۔ پرویز کراچی میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا، ایک واقعہ کیٹی بندر کے نزدیک پیش آیا جہاں پیر آف جھالو میں ایک درندہ صفت نوجوان علی نواز نے اپنی کزن گلزار کو طیش میں آکر چھریوں کے پے در پے وار کرکے قتل کردیا، قاتل کو لوگوں نے آلہ قتل سمیت پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ ٹھٹھہ کے نزدیک گائوں محرم خاصخیلی میں زمینوں پر کام کرنے والے ہاریوں پر 11 ہزار کے وی بجلی کی لٹکی ہوئی تار جا گری، جس کے نتیجے میں 20 سالہ سکندر خاصخیلی موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، سکندر کی کچھ ماہ بعد شادی کی تاریخ بھی رکھی جانی تھی۔ بجلی کے کرنٹ سے زخمی ہونے والے دو نوجوانوں عبدالحمید خاصخیلی اور شکیل خاصخیلی کو مکلی سول اسپتال پہنچا دیا گیا۔ گوٹھ محرم خاصخیلی کے معززین آچار خاصخیلی اور شبیر خاصخیلی نے سول اسپتال مکلی میں میڈیا کو بتایا کہ بجلی کے تار بہت بوسیدہ ہوچکے ہیں، جس کی اطلاع کئی بار حیسکو انتظامیہ کو دی مگر کسی نے نوٹس نہیں لیا۔ ان خطرناک بجلی کے تاروں سے کئی حادثات پیش آچکے ہیں۔