مسکن دھماکا، گیس لیکیج کا نتیجہ قرار دینے پر تفتیشی ادارے غیر مطمئن

227

کراچی (نمائندہ جسارت) مسکن چورنگی کے قریب رہائشی عمارت اللہ نور اپارٹمنٹ میں دھماکا پراسراریت اختیار کرگیا جبکہ تفتیشی اداروں نے ہولناک دھماکے کو گیس لیکیج کا نتیجہ قرار دینے پر شکوک و شبہات کا اظہارکرتے ہوئے باریک بینی سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، پولیس اور ایس ایس جی سی کی ٹیمیں مزید جانچ کیلیے جائے حادثہ کا دورہ کریں گی، دوسری جانب دھماکے سے عمارت کے تباہ ہونے اور جانی و مالی نقصان کا مقدمہ نجی بینک کے آپریشن منیجر محمد عارف کی مدعیت میں گلشن اقبال تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، جس میں قتل باالسبب اور نقصان پہنچانے کی دفعات درج ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اللہ نور اپارٹمنٹ میں اس سے قبل بھی اسی بینک کے ساتھ قائم ریسٹورنٹ میں رواں سال 9 جنوری کو زور دار دھماکا ہوا تھا جس میں 3 ملازمین زخمی ہوئے تھے۔ گلشن اقبال پولیس کے مطابق زخمیوں نے بیان دیا تھا کہ صفائی کے دوران چولہے کا پائپ نکلنے سے گیس کا اخراج ہوا جس کے باعث گیس جمع ہونے کی وجہ سے ریسٹورنٹ میں دھماکا ہوا۔ دھماکا ہونے کے بعد جو مناظر تھے اسے دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے وہاں پر بارودی مواد پھٹا ہو۔ اس دھماکے کے بعد گزشتہ روز اسی نوعیت کے خوف ناک دھماکے نے تفتیشی افسران کو نئی الجھن سے دوچار کردیا ہے۔