پاکستان نے ایف اے ٹی ایف پر سعودی عرب کیخلاف پروپیگنڈا مسترد کردیا

259

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے سعودی عرب کے خلاف پروپیگنڈے کو مسترد کردیا ہے۔ جمعرات کو دفترخارجہ نے سوشل میڈیا پرکو جعلی اور بے بنیاد قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلق کوانتہائی اہمیت کا حامل سمجھتا ہے اورسختی سے اس طرح کے مذموم پروپیگنڈہ کو مسترد کرتا ہے، دونوں ممالک نے ہمیشہ باہمی، علاقائی اور عالمی اہمیت کے تمام معاملات پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا ہے۔ دفترخارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف اے ٹی ایف پاکستان کی ایکشن پلان پر پیش رفت کا جائزہ اور مستقبل کے معاملات کا اعلان اپنی پلینری میٹنگ کے بعد کرے گا۔علاوہ ازیں پاکستان نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے گلگت بلتستان یا آزاد جموں و کشمیر میں کوئی بھی مہم جوئی کی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارتی قیادت کو پاکستانی قوم کے عزم و صلاحیت اور ہماری مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاریوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم بھارت کے کسی بھی مذموم مقاصد کے خلاف متحد ہے۔