نوازشریف کی واپسی کیلیے لندن سے مثبت اشارے ہیں،فیصل واوڈا

251

لندن (صباح نیوز)پاکستان میں مختلف مقدمات میں مطلوب سابق وزیر اعظم نواز شریف کو برطانیہ سے تحویل میں لینے کے لیے حکومت پاکستان نے برطانوی حکومت سے رابطے تیز کر دیے ہیں اور 3 خطوط کے علاوہ سفارتی سطح پر بات چیت اور متعدد ٹیلی فون کالز بھی ہو چکی ہیں۔ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا کہ پاکستان میں سزا یافتہ اور متعدد مقدمات میں مطلوب سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تحویل حاصل کرنے کے لیے برطانوی حکومت سے بات چیت کے لیے وفاقی وزرا پر مشتمل ایک وفد بھی جلد لندن بھیجا جا سکتا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں برطانوی حکومت سے اب تک ہونے والے رابطوں کے بارے میں فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ برطانوی حکام کا رد عمل اس بارے میں کافی حوصلہ افزا ہے اور حکومت پاکستان کو لندن سے مثبت اشارے موصول ہو رہے ہیں۔فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت سے مثبت اشارے ملنے کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ نواز شریف ایک سزا یافتہ مجرم ہیں اور وہ علاج کا بہانہ بنا کر لندن گئے تھے۔