دنیا کا بلند ترین بیس بال میدان، پاکستان نے امریکا کو پیچھے چھوڑ دیا

378

اسکردو(جسارت نیوز)پولو کے بعد پاکستان بیس بال میں بھی دنیا کا بلندترین مقام بننے کے لیے تیار ہے۔29اکتوبر کو 7ہزار 310فٹ بلندی پر اسکردو میں شیڈول انٹرڈسٹرکٹ چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ کے ساتھ ہی پاکستان امریکا سے بلند ترین بیس بال گرائونڈ رکھنے کا اعزاز چھین لے گا۔ورلڈ بیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن کے مطابق اس وقت ڈینور کولورڈوسطح زمین سے 5ہزار 130فٹ کے ساتھ دنیا کا بلند مقام ہے جہاں بیس بال کے مقابلے ہوتے ہیں۔اب اسکردویہ ریکارڈ اپنے نام کرلے گا۔پاکستان بیس بال فیڈریشن کے صدر سید فخر شاہ کے مطابق 29اکتوبر کا دن پاکستان بیس بال تاریخ میں سنہری حروف میں لکھاجائے گا۔ ورلڈ بیس اینڈ سافٹ بال کفنیڈریشن نے اپنی ویب سائٹ پر اسکردو کو خاص طورپر نمایاں جگہ دی ہے۔29اور 30اکتوبر کو اسکردو میں ہونے والی انٹرڈسٹرکٹ چیمپئن شپ میں4 ٹیمیں شریک ہوں گی، 31اکتوبر کو اسکردو میں قومی بیس بال اکیڈمی کا افتتاح ہوگا، وہاں کے بچوں کو بیس بال کا سامان اور کوچ فیڈریشن فراہم کرے گی۔ اس موقع پر پاکستان وائٹ اور گرین کے درمیان نمائشی میچ بھی کھیلا جائے گا۔یہ پہلاموقع ہوگا جب اسکردو کے شہری پاکستان کے معروف بیس بال کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔