فیوچر کالونی تا دائود چورنگی مصروف شاہراہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار

327

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے ضلع ملیر میں فیوچر کالونی سے داؤد چورنگی جانے والی شاہراہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے باعث حادثات کا گڑھ بن گئی ۔تین سال قبل شروع ہونے والا تعمیراتی کام اب تک مکمل نہیں ہوسکا ۔سڑک کی خراب حالت کے باعث اسٹریٹ کرمنلز نے رات کے اوقات میں شہریوں سے لوٹ مار کو اپنا معمول بنالیا ہے جبکہ ٹریفک حادثات بھی تیزی کے ساتھ بڑھ رہے ہیں ۔اہل علاقہ نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ سڑک کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کراکے عوام کو اذیت سے نجات دلائی جائے ۔تفصیلات کے مطابق ضلع ملیر کے گنجان آباد علاقے فیوچر کالونی سے داؤد چورنگی جانے والی سڑک طویل عرصے عوام کے لیے ذہنی کوفت کا باعث بنی ہوئی ہے ۔اس سڑک پر روزانہ ہزاروں گاڑیوںکی آمدورفت ہوتی ہے ۔حالیہ بارشوں کے بعد اس سڑک کی حالت مزید خستہ ہوگئی ہے اور اب یہ کسی کھنڈر کا منظر پیش کررہی ہے ۔صبح اور شام کے اوقات میں ٹریفک کے بہاؤ میں اضافے کے باعث یہاں ٹریفک جام ہونا روز کا معمول ہے جبکہ رات کے اوقات میں جرائم پیشہ عناصر نے اس کو اپنی آماجگاہ بنالیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہاں سفر کرنے والے متعدد افراد ان جرائم پیشہ افراد کے ہاتھوں اپنی قیمتی اشیا سے محروم ہوچکے ہیں جبکہ ٹریفک حادثات میں بھی بے تحاشا اضافہ ہوگیا ہے ۔سڑک کے دونوں اطراف موجود اسکولوں کے طلبہ اور والدین اس روڈ کی خستہ حالت کی وجہ سے انتہائی پریشان ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ صورت حال اسی طرح رہی تو طلبہ بھی کسی ٹریفک حادثے کا شکار ہوسکتے ہیں ۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ چند سال قبل سڑک کا تعمیراتی کام شروع کیا گیا تھا جو انتہائی سست روی کا شکار ہے اور ٹھیکیدار بھی منظر سے غائب ہے ۔ اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ ،وزیر بلدیات اور ایڈمنسٹر بلدیہ ملیر سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ سڑک جلد تعمیر کرائی جائے۔