“حکومت چند ہزار اساتذہ کے مسائل حل نہیں کرسکتی، 22 کروڑ عوام کا کیا ہوگا؟”

298

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے حکومت سے اساتذہ کو درپیش مسائل کو فوری حل کرنے کا مطالبہ کردیا۔

اسلام آباد میں اساتذہ کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ہم یونیورسٹیوں کے پروفیسرز کے تمام مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔ اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافہ مسلسل التوا میں رکھا جا رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت سے چند ہزار اساتذہ کے مسائل حل نہیں ہو رہے، 22 کروڑ عوام کا کیا بنے گا؟

سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے تعلیم و صحت کے محکموں کو بھی تباہ کردیا۔ حکومتی مداخلت سے یونیورسٹیوں کے بجٹ رک گئے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کے مسائل کو فوری حل کیا جائے، پی ایچ ڈی اسکالرز کے لیے مراعات اور اسکالرشپس دی جائیں۔ طلبا و طالبات کے لیے یونیورسٹیوں میں ہاسٹلز کے لیے فنڈز جاری کیے جائیں۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ حکومت پی ایچ ڈی اسکالز کو ملازمت ملنے تک ماہانہ وظیفہ ادا کرے اور ریسرچ اسکالرز کے لیے ٹیکس میں رعایت بحال کرے۔