پاکستانی ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کی پہلی کھیپ کویت پہنچ گئی

417

اسلام آباد: 13 سال بعد پاکستانی ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کی پہلی کھیپ خلیجی ملک کویت پہنچ گئی۔

وزارت اوور سیز پاکستانیز کے مطابق پہلی فلائٹ میں 221 ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کویت پہنچ گئے۔ ان میں پروفیشنلز میں ڈاکٹرز،  پیرا میڈکس اور نرسز شامل ہیں۔

وزارت اوور سیز کا کہنا ہے کہ معاہدے کے تحت سیکڑوں پاکستانی پروفیشنلز کو کویت میں روزگار فراہم کیا جائے گا۔

گزشتہ روز وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے بتایا تھا کہ کویت ایک ہزار سے زائد پاکستانی ہیلتھ پروفیشنلز کو روزگار فراہم کرنے کا خواہاں ہے۔

کویت کے سفیر عبدالرحمن نے کہا تھا کہ کورونا کے مشکل وقت میں کویت کو ہیلتھ کیئر پروفیشنلز فراہم کرنے پر حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں اور کویت میں قیام کے دوران تمام پاکستانی ہنر مند افراد کو مکمل سہولیات فراہم کی جا ئیں گی۔