بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، پاکستان

304

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے گلگت بلتستان یا آزاد جموں و کشمیر میں کوئی بھی مہم جوئی کی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری  کا کہنا ہے کہ  پوری قوم بھارت کے کسی بھی مذموم مقاصد کے خلاف متحد ہے، بھارت کو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کے لیے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام معاملات کو پرامن طریقے سے حل کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں سوشل میڈیا میں پاکستان کے بارے میں بدنیتی پر مبنی اور من گھڑت خبروں اور پروپیگنڈا مہم ناکام رہی ہے، بی جے پی ۔ آر ایس ایس حکومت کے اشارے پر پاکستان مخالف بھارتی میڈیا کی ایسی کوششیں مخصوص ذہنیت کی عکاس ہیں۔

انہوں نے مزید  کہا کہ بھارت، پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا مہم اور فرضی کہانیوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے سمیت دیگر غیر قانونی اقدامات سے متعلق عالمی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔