کھیلوں کا فروغ بلوچستان حکومت کی ترجیح ہے،عمران لچکی

563

کوئٹہ(جسارت نیوز) بلوچستان گورنمنٹ کے سیکرٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز میرعمران گچکی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کھیلوں کے فروغ اور نوجوان نسل کو صحتمندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے مشن پر گامزن ہیں ان کے مشن کو پروان چڑھانے کیلئے بلوچستان حکومت صوبے کے تمام اضلاع میں 64 ایکڑ پر مشتمل ڈسٹرکٹ اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کرے گی ،اس اقدام سے نوجوان نسل کو صحت مند ماحول اپنی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کا موقع ملے گاجس سے بلوچستان کا ٹیلنٹ بھی اْبھر کر سامنے آئے گااور بلوچستان میں کھیلوں کو گراس روٹ لیول سے فروغ ملے گاجبکہ ا سپورٹس کمپلیکس کی دیکھ بھال کیلئے ا سٹاف بھرتی کیاجائے گا اس طرح لوگوں کو روز گار بھی ملے گا۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے کوئٹہ میںنیوز ایجنسی’ وائس آف ایشیا’ کے نمائندے سے ملاقات کے دوران کیا۔سیکرٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرزڈیپارٹمنٹ بلوچستان میر عمران گچکی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پرصوبے کے 10 اضلاع میں اراضی کی دستیابی ، اسپورٹس کمپلیکس کے ڈیزائن اورپی سی ون سمیت دیگر امور کو حتمی شکل دی جا چکی ہے ،ضلع لسبیلہ میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ا سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر جاری ہے جبکہ کوئٹہ میں ریڈیو اسٹیشن سریاب روڈ اور نوحصار یا نواں کلی کے علاقوں میں ا سپورٹس کمپلیکس جلدتعمیر کئے جائیں گے اور ان کا معیار اتنا بلند رکھا جائے گا کہ ان میں بین الاقومی سطح کے مقابلے بھی منعقد کئے جا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کھیل وکھلاڑی کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی ۔