قائداعظم ٹرافی پلیئرز ڈویلپمنٹ کیلیے اہم قرار

131

کراچی (اسٹاف رپورٹر)قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی 6 ٹیموں کے ہیڈ کوچز نے ایونٹ کو پلیئرز ڈویلمپنٹ کے لیے اہم قرار دے دیا۔ پاکستان کے پریمیئر کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈز پر اظہار خیال کرتے ہوئے تمام ہیڈ کوچز نے اتفاق کیا ہے کہ ایونٹ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بہت اہم ہوگا۔ ناردرن کے ہیڈ کوچ محمد وسیم نے کہا کہ ہمارے اسکواڈ میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا بہترین کمبی نیشن موجود ہے۔ کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑیوں کو پریمیئر ٹورنامنٹ میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیں ، اس دوران انہیں سینئرز کی رہنمائی بھی میسر ہوگی۔ سندھ ٹیم کے ہیڈ کوچ باسط علی کا کہنا ہے کہ سندھ کی ٹیم قومی ٹی ٹونٹی کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرگئی مگر فائنل2 تک نہ پہنچ سکی تاہم یقین ہے کہ یہ ا سکواڈ قائداعظم ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیکنڈ الیون میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو فرسٹ الیون میں نمائندگی دینے کی حمایت کرتے ہیں۔اسی طرح سدرن پنجاب کے ہیڈ کوچ عبدالرحمٰن کا کہنا ہے کہ سدرن پنجاب کی ٹیم مکمل تیار اور قائداعظم ٹرافی کے فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے آغاز کی منتظر ہے۔