ٹیکس ورلڈ امریکا نمائش 12جنوری سے شروع ہوگی

285

کراچی(اسٹاف رپورٹر) گارمنٹس و فیبرکس کی نمائش ٹیکس ورلڈ یو ایس اے اور و اپیرل سورسنگ یو ایس اے 12جنوری سے شروع ہوگی۔میسے فرینکفرٹ پاکستان کے نمائندے عمر صلاح الدین کے مطابق نیو یارک میںمنعقد ہونے والی اس تین روزہ نمائش میں پہلی بار ’’پوپ اپ سورسنگ شوکیس‘‘ کا رجحان متعارف کرایا جائے گا جہاں اس نمائش میںشرکت نہ کرسکنے والے نمائش کنندگان دنیا بھر سے اپنی مصنوعات کا بھرپور ڈسپلے کرسکیں گے۔ ٹیکس ورلڈ امریکا نمائش میںپوپ اپ سورسنگ کے ذریعے مصنوعات کے ڈسپلے کے لیے ہائبرڈ فیس محض 3995امریکی ڈالرز رکھی گئی ہے جبکہ نمائش میں شرکت کرنے والوں کے لیے اسٹالز کے چارجز 6350ڈالرز ہیںاور ورچوئل پلیٹ فارم استعمال کرنے پر انہیںاضافی350ڈالرز ادا کرنا ہوں گے ،نمائش کی انتظامیہ کی جانب سے ورچوئل پلیٹ فارم کی فیس 1995ڈالرز مختص کی گئی ہے ،کورونا وائرس کے باعث اس نمائش میں کمپنیوںکی بڑی تعداد نے ورچوئل پلیٹ فارم استعمال کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔