ای سی سی، وزارت دفاع کے لیے17ارب کی گرانٹس منظور

255

اسلام آباد (آن لائن) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) نے وزارت دفاع کے لیے جاری مالی سال کے دوران 17 ارب روپے کی 2 تکنیکی گرانٹس کی منظوری دے دی جبکہ ربی سیزن کے دوران کھاد کے2 پلانٹس کے لیے آر ایل این جی کی فراہمی نومبر2020ء کے آخر تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو کابینہ ڈویژن میں منعقد ہوا۔ ای سی سی نے وزارت تجارت کی جانب سے امپورٹ پالیسی آرڈر2020ء کی شق بی ون میں ریڈی ایشن آپریٹرز کی شمولیت کی درخواست بھی منظور کرلی۔ وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے ربی سیزن 2020-21ء کیلیے ایگری ٹیک اور فاطمہ فرٹیلائزر نامی کھاد کے 2 پلانٹس کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے آر ایل این جی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی سمری کے حوالے سے ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ نومبر2020 ء کے آخر تک آر ایل این جی کی فراہمی کا عمل جاری رہے گا‘ ای سی سی کی جانب سے وزیر صنعت و پیداوار کی سربراہی میں قائم کردہ3 رکنی کمیٹی اس عرصے کے دوران ان پلانٹس کے مزید آپریشنز کیلیے تجویز تیار کرے گی اور پھر اسے مزید فیصلے کے لیے ای سی سی میں پیش کیا جائے گا۔