خاشق جی کی منگیتر کا سعودی ولی عہد پر مقدمہ

324

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی صحافی جمال خاشق جی کی منگیتر خدیجہ چنگیز نے 2 برس قبل ترکی میں خاشق جی کے قتل کے معاملے میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور 28 دیگر افراد کے خلاف امریکی عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے۔ خدیجہ چنگیز نے ذاتی صدمے اور مالی نقصانات کا دعویٰ کیا ہے جب کہ انسانی حقوق کی تنظیم ڈیموکریسی فار عرب ورلڈ ناؤ نے اپنے بانی جمال خاشق جی کے قتل کی وجہ سے کاموں میں رکاوٹ آنے کو مقدمے کی بنیاد بنایا ہے، جس پر کارروائی شروع ہوگئی ہے۔ مقدمے کے حوالے سے سعودی عرب کے سفارت خانے نے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا، تاہم سعودی ولی عہد اس سے قبل الزامات کی تردید کر چکے ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق مقدمے میں جیوری کی طرف سے طے کردہ ہرجانے کی رقم کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکا میں مقیم صحافی اور کالم نویس سعودی شہری جمال خاشق جی ریاض حکومت کے سخت ناقد تھے، جنہیں 2018ء میں استنبول میں سعودی سفارت خانے میں قتل کردیا گیا تھا۔ حالیہ مقدمے میں جن افراد کو نامزد کیا گیا ہے ان میں بیشتر کے خلاف سعودی عرب میں بھی مقدمہ چلایا گیا تھا۔