روس کا خلیج کی سلامتی مشترکہ طور پر یقینی بنانے پر زور

323

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ خلیج فارس کی سیکورٹی یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے اور اس معاملے میں روس کو امریکا کے سوا عالمی سلامتی کونسل کے تمام رکن ممالک کی حمایت حاصل ہے۔ سلامتی کونسل کے آن لائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں برس خلیج فارس کا پورا خطہ ایک جنگ کے دہانے پر جا پہنچا تھا، جب امریکا نے ایک اعلیٰ ایرانی جنرل کو عراق میں ایک ڈرون حملے میں ہلاک کر دیا تھا۔دوسری جانب ایران اور وینزویلا کے امور سے متعلق امریکی خصوصی ایلچی الیوٹ ابرامز نے کہا ہے کہ امریکا کا آیندہ صدر کوئی بھی ہو، ایران کا رویہ تبدیل ہونے تک اس پر دباؤ کی حکمت عملی جاری رہے گی۔ عرب روزنامے کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے ہار جانے کی صورت میں ایران میں بعض لوگوں کا خیال ہے کہ ان پر امریکی پابندیاں ختم ہو جائیں گی ، یہ ایک غلط خیال ہے اور ایسا کبھی نہیں ہو گا۔ ہمارے پاس پابندیوں کی ایک بڑی چھتری ہے اور یہ پابندیاں اپنی جگہ پر کام کرتی رہیں گی۔