وزیراعظم وفاق کو سندھ سے ٹکرارہا ہے‘ پی ڈی ایم

73

اسلام آباد (آن لائن )پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنما ئوں نے کہاہے کہ ملک میں آئین کی بالادستی ہوتی تو ملک کا وزیراعظم صوبے کے وزیراعلیٰ کو ٹیلی فون کرتا، اور ان سے سندھ پولیس کے سربراہ کے مبینہ اغوا سے متعلق حقیقت جاننے کی کوشش کرتا اور اسے حل کرتا، بدنصیبی ہے کہ ملک کا وزیراعظم اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے وفاق کو سندھ سے ٹکرا رہا ہے جو بڑی تشویشناک بات ہے ۔اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سندھ پولیس کے افسران نے جو اصولی اسٹینڈ لیا یہ ان کا حق تھا اور پی ڈی ایم کا احتجاج جارہی رہے گا۔انہو ںنے کہا کہ آئی جی سندھ کے ساتھ کیا ہوا، وقت بتائے گا،پرچہ کا درج ہونا، ہوٹل کا دروازہ توڑنا سب کے سامنے ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ وفاق اور صوبے کے درمیان ٹکرائو اور آئین توڑنے کی بات ہے، انتشار پیدا کرنے کی بات ہے۔ بلاول نے آرمی چیف اور آئی ایس آیی چیف کو فون کیا ہمیں دیکھنا ہوگا کہ آئین کیا کہتا ہے، وزیراعظم نے فوج کو اس میں ملوث کردیا،آرمی چیف مصالحت کی کوشش کررہے ہیں پھر فوج کو ملک کی سیاست میں ملوث کردیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہو ںنے کہا کہ وفاق نے صوبے پر حملہ کیا ہے، کس نے رینجرز کو پولیس کے آئی جی پر ایکشن کا حکم دیا ۔سپریم کورٹ سارے واقعہ پر نوٹس لے تو وفاقی حکومت گھر جاسکتی ہے۔ اس موقع پر نائب صدر پی ڈی ایم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ایسا واقعہ ہوا سکے باوجود وزیر اعظم یا وفاقی حکومت کی طرف سے ذمہ دارانہ بیان نہیں آیاجس طرح کیپٹن صفدر کو گرفتار کیا گیا عوام نے اس وقعہ کی مذمت کی۔ سندھ میں جہاں پوری قیادت موجود تھی وہاں یہ واقعہ ہونا معولی بات نہیں تھی۔ لگتا ہے وفاقی حکومت سوچ سمجھ کریہ کام کررہی ہے۔ بلاول نے حالات کو دانشمندی سے کنٹرول کیا ۔آرمی چیف نے احسن طریقہ سے معاملہ کی انکوائری کا کہا ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ ہوا کیوں؟ یہ ذمہ داری وزیر اعظم کی تھی وزیر اعظم اس پورے معاملہ میں غائب ہیں کیا یہ سمجھا جائے کہ وزیر اعظم جان بوجھ کر سندھ میں یہ حالات پیدا کررہے ہیں۔وزیر اعظم اتنی بڑی تعداد کو دیکھ کر بوکھلا اٹھے ہیںوہ سارا دن ہمارے اداروں کو سیاست میں ملوث کرتے ہیںوزیر اعظم کے رویہ سے محسوس ہوتا ہے وہ غیر یقینی میں مبتلا ہیں۔ جمعیت علما اسلام ا(ف ) کے رہنما اکرم درانی نے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ملک میں سنگین بحران ہے ملکی تاریخ میں ایسا نہیں ہوا جیسا موجودہ حکومت کے دور میں ہوا،ہم نے انتخابات کے فوری بعد بتادیا تھا کہ یہ جعلی اور سلیکٹڈ حکمران ہیں۔سب سے بڑا وار تو موجودہ حکومت نے صحافیوں پر کیا ہے کراچی واقعہ انتہائی شرمناک ہے ۔وفاقی وزرا کراچی معاملہ کو سپورٹ کررہے ہیں، آیا ان کے گھر پر ایسے ہو تو وہ سپورٹ کریں گے۔سینیٹر عبدالغفور حیدری نے اس موقع پر بات کرتے ہو ئے کہا کہ وزیراعظم بہت کچھ کر رہا، وہ اپوزیشن کو دھمکیاں دے رہا ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے جزیرے وفاق کو ہضم نہیں کرنے دیں گے ۔