بھارتی جاسوسوں کی رہائی سے متعلق وفاق سے جواب طلب

54

اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے4 بھارتی جاسوسوںکی رہائی سے متعلق درخواست پر وزارت خارجہ وداخلہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔ بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں4 بھارتی جاسوسوںکی جیلوں سے رہائی سے متعلق درخواست پر چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے سماعت کی۔ دوران سماعت وکیل بھارتی ہائی کمیشن شاہ نواز نون ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملزمان اپنی سزائیں پوری کرچکے ہیں، سزائیں پوری کرنے کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا گیا ہے۔جس پر چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ اگر قیدیوں کی سزائیں پوری ہوچکی ہیں تو انہیں کیوں رہا نہیں کر رہے؟ ملزمان کو کس عدالت نے سزا سنائی تھی؟۔سماعت کے دوران وکیل بھارتی ہائی کمیشن کا کہنا تھا کہ فوجی عدالت نے آرمی ایکٹ کے تحت سزائیں سنائیں جو پوری ہوچکی ہیں۔عدالت میں موجود سید محمد طیب شاہ ڈپٹی اٹارنی جنرل کی جانب سے کہا گیا کہ آئندہ سماعت پر حکومت سے ہدایات لے کر جواب دوں گا۔واضح رہے کہ درخواست گزار کا بتانا تھا کہ سزا یافتہ 3 بھارتی مجرم لاہور جبکہ ایک کراچی کی جیل میں قید ہے۔بعد ازاں عدالت کی جانب سے فریقین کو آئندہ سماعت تک تحریری رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سیکرٹری داخلہ اورسیکرٹری خارجہ کی جانب سے مجاز افسران آئندہ سماعت پر پیش ہوں جبکہ کیس کی مزید سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔