مندر کی تعمیر سے متعلق فیصلہ آئین‘ قانون اور عالمی تناظر میں ہوگا‘ قبلہ ایاز

76

اسلام آباد(آن لائن ) اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہاہے کہ اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے حوالے سے فیصلہ آئین ،قانون اور بین الاقوامی تناظر میں کیا جائے گا،ملک میں اقلیتوں کو مکمل حقوق حاصل ہیں پیغام پاکستان کے بیانئے سے بیرونی دنیا میں ملک کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر قبلہ ایاز نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قومی اقلیتی کمیشن اچھا اقدام ہے اس کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اس سے ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ ملے گا اوراقلیتوں کو بھی ان کے حقوق ملیں گے انہوںنے کہاکہ معاشرے کے اندر وحدت کو فروغ دینے میں ہم سب کو کردار ادا کرنا چاہیے انہوںنے کہاکہ قومی اقلیتی کمیشن پاکستان کی خوبصورتی ہے اس کو اجاگر کیا جانا چاہیے،بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے،اسلامی نظریاتی کونسل کو بھی قومی اقلیتی کمیشن کا رکن بنایا گیا تاکہ اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے قانون سازی کر سکیں۔ انہوںنے کہاکہ قومی اقلیتی کمیشن سے پاکستان کا مثبت چہرہ پوری دنیا کے سامنے آئے گا جو ہماری سفارتی کامیابی ہوگی۔ اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہاکہ مندر کی تعمیر کا معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل کے ریسرچ ونگ کو بھیجا گیا ہے اسلامی نظریاتی کونسل مندر کی تعمیر کے معاملے پر بین الاقوامی اور آئینی تناظر میں اپنی سفارشات دے گا۔پریس کانفرنس میں قومی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین چیلا رام کوانی اور پارلیمانی سیکرٹری شنیلا رتھ سمیت دیگر اراکین کمیشن بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری شنیلا رتھ نے کہاکہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہے اقلیتوں کے لیے نوکریوں میں 5 فیصد کوٹے کو یقینی بنانے جا رہے ہیں، پاکستان میں اقلیتوں کے حوالے سے بیرون ممالک کے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں۔ ہم پہلے پاکستانی ہیں اس کے بعد اپنے مذہب سے تعلق رکھتے ہیں ، جبری مذہب کی تبدیلی کے حوالے سے ایک خصوصی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں چیئرمین قومی اقلیتی کمیشن چیلا رام کوانی نے کہاکہ اقلیتوں کے بل پر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ آئندہ ماہ ملاقات کریں گے، اقلیتوں کے مسائل حکومت اور اپوزیشن دونوں کا مشترکہ مسئلہ ہے بھارت میں ہندوئوں کے قتل کی قومی اقلیتی کمیشن نے مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوؤں کے مقدس مقامات بھارت میں ہیں،بھارت کو ہندوؤں کی حفاظت کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، چیلا رام نے کہاکہ مندر کی تعمیر سے متعلق فیصلہ اسلامی نظریاتی کونسل کرے گی، امید ہے بہتر فیصلہ ہوگا جبکہ جبری مذہبی تبدیلی سے متعلق قانون سازی صوبوں، تمام مکاتب فکر و مذاہب کے رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کریں گے۔