ملک میں غیر اعلانیہ مارشل لاء نافذ ہے، فضل الرحمن

194

نوابشاہ(نمائندہ جسارت ) ملک میں غیراعلانیہ مارشل لاء نافذ ہے اور موجودہ حکمرانی آئینی نہیں ہے،ہماری جدوجہد ملک میں آئینی اور جمہوری حکمرانی کے لیے ہو رہی ہے،کراچی میں آئی جی پولیس ، ایڈیشنل آئی جی کو کس طرح یرغمال بنا یا گیا، کیپٹن صفدر کیخلاف جس طرح کارروائی کی گئی اس کا ذمے دار کون ہے؟ان خیالات کا اظہار پی ڈی ایم اور جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے سرکٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ عوام کا ماننا ہے کہ ان کا ووٹ چوری کیا گیا، ان کی امانت پر ڈاکا ڈالا گیا اور آج جدوجہد ملک میں آئینی اور جمہوری حکمرانی کے لیے ہو رہی ہے کیونکہ موجودہ حکمرانی آئینی نہیں ہے، ایک ایسی حکمرانی کے لیے یہ جدوجہد ہو رہی ہے جس میں عوام کی شراکت کا تصور ہو اور عوام پر مسلط کیے جانے کی حکمرانی کا تصور ختم کردیا جائے۔ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کے حوالے سے سوال پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم تو پہلے ہی ایمرجنسی کے تحت زندگی گزار رہے ہیں، غیراعلانیہ مارشل لا ہے اور آپ نے دیکھا کہ کس طرح کراچی میں آئی جی سندھ پولیس اورایڈیشنل آئی جی کو کس طرح یرغمال بنا کر کس طرح وارنٹ نکالے گئے، کیپٹن صفدر کی گرفتاری اوران کے کمرے میںجسطرح سے گھسنا اس کا ذمے دار کون ہے؟ان کا کہنا تھا کہ ایپکس کمیٹی میں یہ سب بیٹھے ہوتے ہیںلیکن چھوٹے چھوٹے انفرادی معاملات میں بھی ان کی حیثیت بالاتر کی ہوتی ہے، وہ کسی کو جوابدہ نہیں ہیں، ساری انتظامیہ صرف انہی کو جوابدہ ہے اور یہی مارشل لا ء کی علامتیں ہوتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ چاروں صوبوں میں فوجی انتظامیہ کی سول افسران پر اس طرح کی بالادستی اور معاملات پر گرفت کو ختم ہو جانا چاہیے ۔مولانا نے واضح کیا کہ یہ اتحاد صرف اس ملک میں دوبارہ انتخابات کرانے اور آئینی حکومت کے قیام کے لیے آزادانہ انتخابات تک محدود ہے،البتہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی بات ہو سکتی ہے۔انہوںنے کراچی میں گلشن اقبال مسکن چورنگی پر ہونے والے بم دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بم دھماکے درحقیقت جمہوریت کو نقصان پہنچانے کا عمل ہے ،ملوث عناصر کو بے نقاب ہونا چاہیے ہم سمجھتے ہیں کہ اداروں کو اپنا اور پارلیمنٹ کو اپنا کام کرنا چاہیے۔