پی ٹی آئی رہنماؤں نے آئی جی و چیف سیکرٹری کو دھمکیاں دی‘مرتضیٰ وہاب

146

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کے جزائر پر قابض ہونے کی کوشش کررہی ہے،صدارتی آرڈی ننس سندھ کے عوام کے خلاف ہے،پیپلزپارٹی آئین اور پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے،سندھ میں رینجرز کے اختیارات میں کمی نہیں کی جارہی، پولیس کے غیرسیاسی ہونے کے حامی ہیں،پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے پچھلے 48گھنٹے میں جوبیانات دیے ہیں وہ ظاہرکرتے ہیں کہ پولیس کواستعمال کرنے کی کوشش کی گئی۔منگل کو سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے مزید کہا کہ گلشن اقبا ل میں ہونے والے دھماکے کے حوالے سے پولیس اور رینجرز حکام تحقیقات کررہے ہیں،ابتدائی تحقیقات میں لگ رہاہے کہ یہ گیس سلینڈر کا دھماکا ہے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی جانب سے آئی جی سندھ اور چیف سیکرٹری کو دھمکیاں دی گئیں،اس پولیس والے کو بھی دھمکیاں دی گئیں جو کہہ رہا تھا کہ میں قانونی کارروائی کرتا ہوں۔