زرداری کیخلاف گواہ کی دستاویزات کو ریکارڈکا حصہ بنا دیا گیا

75

اسلام آباد(آن لائن )احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت میں زیر سماعت سابق صدرپاکستان آصف علی زرداری وغیرہ کے خلاف پارک لین ریفرنس میں گواہ کی طرف سے فراہم دستاویزات ریکارڈکا حصہ بناتے ہوئے سماعت ملتوی کردی گئی۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران حسین لوائی، طحہ رضا سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری عدالت پیش نہ ہوئے اور ان کی طرف سے ایک روز عدالتی حاضری سے استثنا کی درخواست پیش کی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا، گواہ جوائنٹ رجسٹرارکمپنیز ایس ای سی پی احسن اسلم کا بیان قلمبند ہونے کا عمل دوسرے روز بھی مکمل نہ ہو سکا،عدالت نے ریفرنس کی سماعت 28اکتوبر تک ملتوی کردی۔ علاوہ ازیںاحتساب عدالت کے جج محمد بشیرکی عدالت میں زیرسماعت سابق مشیر ہوابازی سردار مہتاب عباسی وغیرہ کے خلاف پی آئی اے میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں سابق وفاقی مشیرکی بریت درخواست پر فیصلہ مؤخر کردیاگیا۔عدالت نے محفوظ شدہ فیصلہ سنانے کے لیے 24 نومبر کی تاریخ مقرر کر دی۔مزید برآں احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی وغیرہ کے خلاف میڈیا کو غیر قانونی اشتہارات دینے سے متعلق ریفرنس میں شریک ملزمان کی بریت درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیااور سماعت 3نومبر تک کے لیے ملتوی کردی۔