عوام اس وقت بدترین مسائل کا شکار ہیں،صدر عارف علوی

168

اسلام آباد(صباح نیوز)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ جلسے ،جلوس کرنا اپوزیشن کا حق ہے، اپوزیشن لیڈروں سے گزارش ہے کہ اپنے اداروں کے حوالے سے احتیاط سے گفتگوکریں، بھارتی ٹی وی چینل پاکستان کے بارے میں کہہ رہے ہیں جس ملک میں ایسی کیفیت ہو وہاں بھارت کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں اگر اپوزیشن کو حکومت سے اعتراض ہے تو سیاسی اعتراض کو سیاسی سطح پر ہی رکھے۔ایک نجی ٹی وی انٹرویو میں صدر مملکت نے کہاکہ2013ء کے الیکشن پر ہم نے احتجاج بھی کیا اور عدالت میں ثبوت لے کر بھی گئے ۔ مولانا فضل الرحمن کے احتجاج سے مسئلہ کشمیر بیک گرائونڈ میں چلا گیا دنیا کا فوکس احتجاج کی جانب ہوگیا۔ انہوں نے کہاکہ ووٹرز کی بائیو میٹرک تصدیق کرانا چاہیے فری اینڈ فیئر الیکشن ہونا ضروری ہیں۔ تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران میرے خلاف اسلام آباد میں اسلحہ لانے کا کیس بنایا گیا۔ صدر نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ نظام سے زیادہ افراد کی اہمیت ہوتی ہے اگر عارف علوی لوٹتا نہیں ہے تو اس کا تعلق اس کے ماں باپ کی تربیت سے ہے۔ بات سسٹم کی نہیں لیڈر شپ کی ہوتی ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ عوام اس وقت لاکھوں مسائل میں گھیرے ہوئی ہے بہت سی ایسی چیزیں ہیں جوبہتر بھی ہوئیں۔ ادارے کسی بھی ریاست کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔ این سی او سی اس کی ایک بہترین مثال ہے۔