وزیر خارجہ کی چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات

157

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی۔ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ سینیٹر مشاہد حسین سید، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران مختلف پارلیمانی امور اور انٹر پارلیمانی یونین (آئی پی یو )کے انتخابات کی حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے سویڈن کے لیے نامزد پاکستانی سفیر ظہور احمد نے بدھ کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے بطور سفیر سویڈن نامزدگی پر ظہور احمد کو مبارکباد دی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ توقع ہے کہ آپ کی بطور سفیر تعیناتی سے پاکستان اور سویڈن کے مابین تعلیم، ٹیکنالوجی، تجارت سمیت کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا۔ وزیر خارجہ نے نامزد سفیر کو حکومت کی خارجہ پالیسی ترجیحات کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیں۔