اپوزیشن بنارسی ٹھگوں کا ٹولہ ہے‘ جلدجیل میں ہو گا‘ شبلی فراز

289

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن بنارسی ٹھگوں کا ٹولہ ہے‘ جلد جیل میں ہو گا‘ کراچی میں سیاسی ناٹک رچایاگیا ‘ کراچی واقعے پر آرمی چیف اور سندھ حکومت کی انکوائری رپورٹ سامنے آنے کے بعد اس کی سفارشات پرعملدرآمد کرنا سندھ حکومت کی ذمے داری ہوگی‘ اداروں کے ساتھ جنگ کی جا رہی ہے‘ بلاول، مریم وارثتی سیاست کی پیداوار ہیں‘ عمران خان خیر اور فضل الرحمن شر کی قوت کی قیادت کر رہے ہیں۔ وہ بدھ کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ معیشت مسلسل بہتری کی طرف جا رہی ہے‘ ہماری برآمدات بڑھ رہی ہیں‘ملک میں کاروباری صورتحال معمول پر آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ملک کی بھلائی کے لیے کام کر رہے ہیں لیکن جب دوسری جانب اپوزیشن کو دیکھتے ہیں تو ایک اسٹیج پر دیکھ کر بنارسی ٹھگوں کی یاد آ جاتی ہے‘ ملک کو انہوں نے لوٹا اور بے دردی کے ساتھ لوٹا‘ 40 سال سے ملک میں بنارسی ٹھگوں کی حکومت تھی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے کوشش کی کہ اداروں کو آپس میں لڑایا جائے‘ اپوزیشن دشمن کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے‘ بھارتی خبروں اور چینلز پر ان کی تصویریں دکھائی جا رہی ہے‘ شہبازشریف کے ملازمین کے اکائونٹ سے اربوں روپے نکل رہے ہیں‘ ایسے دھول جھونک رہے ہیں‘ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ احتساب کے خوف نے بنارسی ٹھگوں کو متحد کردیا ہے‘ اس وقت ملک میں 2 قوتیں ہیں جو برسر پیکار ہیں‘ ایک مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں شر کی قوتہے اور دوسری عمران خان کی قیادت میں خیر کی قوت ہے‘ کس طرح سے موٹر سائیکل پر آنے والے آج لینڈ کروزر پر آتے ہیں‘ انہوں نے اداروں کو لڑانے کی کوشش کی ہے جس طرح بے یقینی اور بدامنی پھیلانا چاہ رہے ہیں‘ اس کا حساب لیا جائے گا ۔ شبلی فراز نے کہا کہ آج بلاول زرداری تقریریں کررہے ہیں کہ عوام ان کا ساتھ دیں، عوام نے آپ کے والد اور آپ کے بڑوں کا بھی بہت ساتھ دیا تھا‘ آج جن سے آپ بغل گیر ہو رہے ہیں یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے آپ کی والدہ بینظیر بھٹو شہید کی تصاویر ہیلی کاپٹر سے پھینکی تھی اور آپ کے بڑوں کو برا کہا اور جمہوریت کی پیٹھ پر چھرا گھونپا۔