غریب کے لیے دو وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل ہوگیا، عبدالعزیز غوری

246

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کی سیاسی کمیٹی کے صدر عبدالعزیز غوری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے۔ سبزی، دال، چاول، آٹا، گھی، آئل، چینی، فروٹ، پیاز، آلو اور خصوصاً دواؤں کی قیمتوں میں بار بار من مانے اضافے نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے، دو وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ مہنگائی کرنے والوں سے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے جبکہ حکمران اور ان کا خوشامدی طبقہ سب ٹھیک ہے کی رٹ لگائے بیٹھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے بے روزگاری اور مشکلات میں اضافہ ہوا ہے اور امن و امان کی صورتحال بھی ٹھیک نہیں ہے، ہر طرف افراتفری اور غیر یقینی صورتحال ہے، سرحدوں پر ہمارے فوجی جوان ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور مہنگائی پر کنٹرول کرے، غریبوں کے منہ کا نوالہ نہ چھینے بلکہ ان کی مشکلات کے مطابق فیصلے کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ کی نعمت ہے مگر کرپشن اور خیانت نے ملک کو اس صورت حال سے دوچار کیا ہے۔