قائمہ کمیٹی نے بھارتی جاسوس کلبھوشن سے متعلق بل منظور کرلیا

132

اسلام آباد (این این آئی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق بل کثرت رائے سے منظور کرلیا جبکہ اپوزیشن جماعتوں ن لیگ، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی نے بل کی مخالفت کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق بدھ کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی ریاض فتیانہ کی زیر صدارت ہوا جس میں حکومت نے کلبھوشن آرڈیننس کو بل کی صورت میں قائمہ کمیٹی میں پیش کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے قانون فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی دینے کا حکم دیا‘ عالمی عدالت انصاف نے سزا پر نظرثانی کے لیے مکینزم بنانے کی ہدایت بھی کی‘ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پرعمل کرنے کے لیے آرڈیننس لایا گیا‘ بھارت چاہتا تھا کہ پاکستان قانون سازی نہ کرے اور معاملہ دوبارہ عالمی عدالت میں جائے۔ انہوں نے کہا کہ آرڈیننس پڑھے بغیر کہا جا رہا ہے کہ کلبھوشن کی سزا معاف کی گئی‘ کلبھوشن کے معاملے پرسیاست نہیں کرنی چاہیے‘ آرڈیننس نہ لاتے تو پاکستان پر توہین عدالت کے جرم میں پابندیاں عاید ہوسکتی تھیں۔