کراچی ریفرنڈم ،محسن شیخانی کی حافظ نعیم سے ملاقات

191

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپر پاکستان (آباد)کے سرپرست اعلیٰ محسن شیخانی کی قیادت میں تعمیراتی شعبے سے وابستہ صنعت کاروں کے وفد نے جماعت اسلامی کے تحت ’’حقوق کراچی تحریک ‘‘ کے سلسلے میں شہربھر میں ہونے والے ’’کراچی ریفرنڈم ‘‘ کے حوالے سے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نورحق میں ملاقات کی اورریفرنڈم کیمپ کا دورہ بھی کیا۔ محسن شیخانی اور دیگرعہدیداران نے ووٹ ڈالا۔وفدمیںچیئرمین آباد فیاض عالم ،سینئر وائس چیئرمین خواجہ ایوب،دانش رؤف، ندیم جیوا ،اشرف حمید مودودی ودیگر بھی موجود تھے ۔ملاقات میں سیکرٹری کراچی عبد الوہاب ،پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکرٹری نجیب ایوبی ،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے ۔اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے وفد کا خیر مقدم کیا ۔محسن شیخانی اور دیگر نے جماعت اسلامی کی ’’حقوق کراچی تحریک ‘‘کو سراہا اور کہاکہ کراچی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں۔ دریں اثنا کراچی ریفرنڈم کے سلسلے میں 7نیوز کے پروڈیوسر امجد چودھری ، سینئر اینکر ندا آصف اور انعمت آصف نے بھی ادارہ نورحق میں قائم ریفرنڈم مرکزی کیمپ پر اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔