کراچی ریفرنڈم عوام کی بیداری کا سبب بن گیا، محمود حامد

82

کراچی(اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد نے کہا ہے کہ کراچی ریفرنڈم ان شاء اللہ کراچی کے عوام کے حقوق کی بحالی میں مدد گار ثابت ہوگا۔کراچی ریفرنڈم عوام کی بیداری کا سبب بن گیا ہے ۔کراچی کے 3 کروڑ عوام کے غصب شدہ حقوق ضرور حاصل کریں گے۔ کے الیکٹر ک کی لوٹ مار اور غنڈہ گردی ناقابل برداشت ہوچکی ہے، کوٹا سسٹم اور انفرااسٹرکچر کی تباہی نے کراچی کے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے ۔وہ بدھ کو کراچی چیمبر آف کامرس کے سامنے ایوان صنعت و تجارت روڈ پر ریفرنڈم کیمپ میں آنے والے تاجروں اور عوام سے بات چیت کر رہے تھے ۔ اس موقع پر اسمال ٹریڈرز کراچی کے جنرل سیکرٹری عثمان شریف اور اقبال یوسف بھی موجود تھے ۔اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد نے ریفرنڈم کے سلسلے میں اسپورٹس مارکیٹ ایم اے جناح روڈ، لائٹ ہاؤس ،نازو جناح پلازہ، الیکٹرونکس مارکیٹ ، پیپر مارکیٹ اور صدر کی مارکیٹوں کا دورہ کیا۔ ایم اے جناح روڈ اسپورٹس مارکیٹ کے صدر سلیم ملک نے کہا کہ کراچی کے تاجروں کا بارش میں اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے جس کا معاوضہ دینے کو کوئی تیارنہیں ۔حکومت نے کراچی کو آفت زدہ علاقہ توقرار دیا مگر تاجروں کی امداد کے سلسلے میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اس موقع پر اسمال ٹریڈرز کرا چی کے صدر محمود حامد نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی کوششوں کو سراہا۔