کراچی ریفرنڈم میں خواتین نے بھی بھرپورحصہ لیا

92

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت اساتذہ وطالبات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے کراچی ریفرنڈم میں بھرپور حصہ لیا،سیرت النبیؐ کی تقریبات ، پارکس ،شاپنگ سینٹرز، مینا بازار اور گھر گھر رابطوں میں بڑی تعداد میں خواتین نے ووٹ کاسٹ کیے اورحقوق کراچی مہم کے سلسلے میں جماعت اسلامی کی جدوجہد کو سراہا۔ضلع غربی میں سستا بازار لگایا گیا۔گل خیرن قرآن انسٹیٹیوٹ اور ضلع وسطی میں سیرت النبیؐ کے جلسے میں ریفرنڈم کیمپ پر سیکڑوں ووٹ کاسٹ کیے گئے ۔اسکولوں اور کالجز میں اسٹالز پر طالبات کا رش رہا۔اساتذہ نے بھی بھرپور حصہ لیااور کہا کراچی کے عوام ہر سیاسی پارٹی سے مایوس ہیں،بھاری ٹیکس ادا کرنے کے باوجود شہری بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں جو ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ نااہل حکمرانوں نے تعلیم کا بیڑہ غرق کردیا۔ایسے لوگ تعلیم کے ذمے دار بنے ہیں جن کو خود تعلیم سے کوئی سروکار نہیں۔میڈیکل کالج کے اساتذہ تنخواہوں سے محروم ہیں۔داخلہ ٹیسٹ 8 مرتبہ ملتوی ہو چکے ہیں۔کراچی شہر کو دیانتدار با اختیار شہری حکومت کی ضرورت ہے۔ورنہ یہاں دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ ذہین اور قابل طلبہ ملک کے دوسرے حصوں کے بچوں سے پیچھے رہ جائیں گے۔