کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ ‘پریشان کُن’ ہے: معاون خصوصی

498

اسلام آباد: سینیٹر سکندر میندھرو کی زیرِ صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی قومی صحت کا اجلاس ہوا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔

معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں، تین ہفتے پہلے تک کورونا کی صورتحال بہتر تھی لیکن گزشتہ 24 گھنٹوں میں 19 اموات ہوئیں جو پریشان کن ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے بریفنگ میں کہا کہ پہلے کورونا کیسز کی شرح 2 فیصد سے نیچے تھی، اب 2.47 ہوگئی ہے، صوبوں کو کہا ہے کہ سخت اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ آج این سی او سی میں 5 بجے دوبارہ پریس بریفنگ دیں گے۔ تشویشناک صورتحال نہیں ہے لیکن کورونا کے پھیلاو کو روکنا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ شادی ہالز میں ایس او پیز کا کوئی خیال نہیں رکھ رہا۔ وزارت تعلیم نے تعلیمی اداروں سے متعلق کافی محنت کی، مؤثر اقدامات اٹھائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وبا کو روکنے کے لیے ماسک کا استعمال لازمی کریں۔ بطور قوم فیصلہ کرلیا تھا کہ بس اب جنگ جیت لی ہے، ایسا نہیں ہے، عام کپڑے کا ماسک پہننا بھی کافی ہے۔