کوروناکی وجہ سے بند ٹرینوں کو دوبارہ بحال کیا جائے ،حاجی نورالٰہی مغل

277

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) کورونا کی وجہ سے بند مہران ، شاہ لطیف ایکسپریس، حیدرآباد وکھوکھراپار روٹ پر مسافر ٹرینیں بحال کر کے میرپورخاص ڈویژن کے لاکھوں شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے تکلیف دہ اذیت ناک اور مہنگے ترین سفرسے نجات دلائی جائے، میرپورخاص تا کراچی حیدرآباد و کھوکھراپار روٹ ٹرینوں کے بند ہونے سے سفری ٹکٹوں کی مد میں قومی خزانے کو سالانہ کروڑوں کا نقصان پہنچ رہا ہے، شہریوں کو ٹرانسپورٹ مافیا کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جس کے سبب عوام مہنگا ترین سفر کرنے پر مجبور ہے۔ آرام دے، سستا اور محفوظ سفر ہر شہری کا بنیادی حق ہے ۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی میرپورخاص حاجی نور الٰہی مغل نے ڈی ایس ریلوے کراچی ڈویژن ارشد سلام خٹک سے ان کی میرپورخاص آمد پر ملاقات میں مہران اور شاہ لطیف ایکسپریس کی بحالی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری محمد امین میمن الیکٹرونکس ایسو سی ایشن کے صدر عبدالسلام شیخ، جے آئی یوتھ کے صدر ڈاکٹر دانش ،انڑ پریس سیکرٹری جماعت اسلامی عبدالرشید شیخ ،شاکر قریشی اور دیگر ذمے داران بھی مو جود تھے۔ ملاقات کے موقع پر حاجی نور الہی مغل نے ڈی ایس ریلوے ارشد سلام خٹک کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک بھی پیش کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس ریلوے کراچی ڈویژن ارشد سلام خٹک نے جماعت اسلامی اور تاجر رہنمائوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی کوششیں قابل تحسین ہیں اور میرپورخاص کے عوام کا مطالبہ جائز ہے اور بند ٹرینوںکی بحالی کے حوالے سے ہم پوری کو شش میں ہیں کہ جلد سے انہیں بحال کریں۔