میرواہ گورچانی،حیسکو کا بجلی چوروں کیخلاف آپریشن

200

میرواہ گورچانی (نمائندہ جسارت) حیسکو میرواہ گورچانی کا بجلی چوروں کے خلاف آپریشن، درجنوں کنکشن منقطع،گورچانی محلے کی ایل ٹی اتارکاٹ دی،بجلی چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گیا۔ایس ڈی او زوہیب شیروانی۔ تفصیلات کے مطابق حیسکو سب ڈویژن میرواہ گورچانی کے ایس ڈی او زوہیب شیروانی اور لائن سپرنٹنڈنٹ محمد ہارون نے اپنی ٹاسک فورس کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے درجنوں ڈائریکٹ کنکشن منقطع کر دیے، گورچانی محلے کی مین گلی سے ایل ٹی تاریں اتار کر گلی کے سارے میٹر کھمبے پر منتقل کر دیے۔ اس موقع پر ایس ڈی او زوہیب شیروانی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ انجینئر حیسکو سرکل میرپوخاص اور ایگزیکٹو انجینئر حیسکو ڈویژن میرپور خاص کی خصوصی ہدایات پر بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بجلی چور قوم کا مجرم ہے اس لیے بجلی چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ،بجلی کی چوری میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ شہری اپنے بجلی کے بقایاجات فل فور ادا کریں تاکہ بجلی کی فراہمی بلا کسی تعطل کے جاری رہے۔ میرواہ گورچانی کے شہریوں نے بجلی چوروں کے خلاف جاری آپریشن کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف آپریشن بلا کسی تفریق کے ہونا چاہیے۔