ثقلین مشتاق سے بہتر اسپن بولنگ کوچ آج تک نہیں دیکھا، معین علی

489

کراچی(اسٹاف رپورٹر)برطانوی آل رائونڈر معین علی کا کہنا ہے کہ ثقلین مشتاق سے بہتر اسپن بولنگ کوچ میں نے آج تک نہیں دیکھا، سابق اسپنر اس فن کے بارے میں بڑا علم رکھتے ہیں، مجھے بھی ان سے سیکھنے کا موقع ملا، مشتاق احمد اور اظہر محمود سے بھی دوستی ہے، دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ بھی اچھا وقت گزارنے کا موقع ملا ، میری والدہ پاکستان میں پیدا ہوئی تھیں، بچپن میں وہاں جاتا رہا ہوں، خواہش ہے کہ خوبصورت ملک میں بھرپور سپر وتفریح کرتے ہوئے کئی مقامات دیکھوں۔معین علی کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل کے گزشتہ سیزن میں اچھی کارکردگی دکھائی تھی، اس مرتبہ زیادہ تر میچز باہر بیٹھ کر دیکھنے پر مایوسی ہوئی،میں سخت ٹریننگ جاری رکھے ہوئے ہوں، بہرحال نئے کوچز کی اپنی سوچ ہے،اس طرح کے معاملات ہوجاتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ میں ویرات کوہلی کو انڈر 19 کرکٹ کے دور سے جانتا ہوں،وہ حیران کن صلاحیتوں کے مالک کرکٹر ہیں۔